پولیس نے میرے گھر چھاپہ مار کر لیپ ٹاپ سمیت ضروری اشیا قبضے میں لے لیں،شیرافضل مروت


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پولیس نے انکے گھر چھاپہ مار کر لیپ ٹاپ سمیت ضروری اشیا قبضے میں لے لیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ چھاپے سے قبل میں نکلنے میں کامیاب ہوگیا، اب میں ایک محفوظ مقام پر ہوں۔ انہوں نے میرے اہلخانہ اور ملازمین کو گھر سے باہر نکالا۔انہوں نے کہا کہ چھاپہ غیر قانونی ہے، آئی جی اور ایس پی اسلام آباد کے خلاف عدالت جائوں گا۔ میرے لیپ ٹاپ کی ضبطگی بھی غیر قانونی ہے، لیپ ٹاپ میں میرا ذاتی ڈیٹا شامل تھا۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ بزدلانہ ہتھکنڈے مجھے خوفزدہ کرسکتے ہیں اور نہ ہی مجھے اپنے مشن سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔ ہم پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میرے سوشل میڈیا اکائونٹ سے جاری کسی بھی قسم کی متنازع اور مذہب مخالف پوسٹس سے میرا تعلق نہیں ہوگا۔