ایل این جی ریفرنس میں بریت: مفتاح اسماعیل کا عمران خان اور دیگر کو عدالت لے جانے کا اعلان

اسلا م آباد(صباح نیوز)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق ڈی جی نیب اسلام آباد عرفان منگی اور جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو عدالت لے جانے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں ایل این جی ریفرنس کے دوران گھر پر چھاپے کی روداد سناتے ہوئے مفتاح اسماعیل آبدیدہ ہوگئے ۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ان کا جو نقصان ہونا تھا ہوگیا لیکن جن کی وجہ سے انہیں یہ سب برداشت کرنا پڑا وہ انہیں عدالت لے کر جائیں گے۔اپنے ایک بیان میں مفتاح اسماعیل نے بانی پی ٹی آئی سے انتقامی سیاست پر معافی کا مطالبہ بھی کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ نیب کے وہ حکام جو جانتے تھے وہ بوگس کیس کی پیروی کر رہے ہیں وہ بھی معافی مانگیں۔

علاوہ ازیں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے درمیان سوشل میڈیا پر گرما گرمی ہوگئی۔نیب کی جانب سے ایل این جی کیس واپس لینے کے بعد مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پاکستانی سیاست میں فکری دیانت اور اخلاقی جرت ناپید ہے ،  پی ٹی آئی کے کسی لیڈر نے شاہد خاقان یا انہیں بریت پر مبارک باد نہیں دی نہ اپنے کردار پر معذرت خواہ ہوئے ۔

اس پر پی ٹی آئی رہنما حماداظہر نے لکھا کہ سب سے بری چیز جو کسی کے ساتھ ہو سکتی ہے وہ ہے جھوٹا الزام، جس کے باعث اسے کردار کشی جیسی سختیاں جھیلنی پڑیں ، مفتاح بھائی، آپ نے 9 مئی کے بعد ان ہزاروں افراد کے لیے آواز نہیں اٹھائی جنہیں جھوٹے الزامات، قید اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔مفتاح اسماعیل نے جواب میں لکھا کہ  حماد بھائی مجھے آپ سے فکری دیانت اور اخلاقی جرات کی امید تھی،کیونکہ آپ اور اسدعمر جانتے تھے کہ میں نے اور شاہد خاقان عباسی نے کوئی بدعنوانی نہیں کی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی نیب ریفرنس واپس لے لیا۔عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور عبداللہ خاقان بھی ریفرنس سے بری ہوگئے۔