کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے وڈیو بیان اور دھاندلیوں ونتائج کے ردوبدل کے حوالے سے اعترافات کو جماعت اسلامی کے موقف کی سچائی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فی الفور مستعفی ہوں
صوبائی امیر نے ڈی سی راولپنڈی بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھادی ہے، جماعت اسلامی جعلی اور فراڈ الیکشن کیخلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور قوم سے اتنا بڑاکھلواڑ اور دھاندلی کرنے میں ملوث ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی طاقتور شخص یاادارہ عوامی مینڈیٹ پر یوں دن دیہاڑے ڈاکہ نہ ڈال سکے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ 08 فروری کے الیکشن جبکہ 09 فروری کی رات سلیکشن کی گئی اور فاتح امیدواروں کے نتائج کو شکست میں تبدیل کردیا گیا، ادارے ماضی کے بھیانک واقعات سے سبق حاصل کرنے کی بجائے ملک کو مزید انتشار اور اندھیرے میں دھکیلنے کی بجائے اپنی غلطیوں سے رجوع کریں، یہ پی ٹی وی کا دور نہیں بلکہ ڈجیٹل میڈیا کا دور ہے بچے بچے کو اچھی طرح سے معلوم ہوچکا ہے کہ الیکشن کس نے چرایا ہے۔08 فروری کے الیکشن کے بعد ملک مزید سیاسی عدم استحکام اور معاشی انتشار کا شکار ہوچکا، عوام پہلے ہی پی ڈی ایم کی 18 ماہ کی حکومت میں پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے زندہ درگور ہوچکے،آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر ہر ہفتے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ان حالات میں پورا ملک جام ہوچکا، بلوچستان سے لیکر اسلام آباد تک عوام سڑکوں پر اپنے حق کیلئے احتجاج کررہی ہے اسلئے ملک کی مقتد رقوتوں کو چاہئے کہ مزید انتشار اور بربادی سے بچنے کیلئے جوپارٹی جہاں سے جیتی ہے فارم45 کے مطابق ان کو اپنا حق دیا جائے تاکہ ملک مزید افراتفری سے بچ سکے ، جماعت اسلامی اپنی جیتی ہوئی سیٹوں اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کیخلاف پْرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔#