گوادر ،موسلا دھار بارش کے باعث اورماڑہ میں زیر تعمیر بسول ڈیم کا بند ٹوٹ گیا،مکران کوسٹل ہائی وے بند


گوادر(صباح نیوز) گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں موسلا دھار بارش کے باعث اضافے پانی کے دبا ئو کے باعث زیر تعمیر بسول ڈیم کا بند ٹوٹ گیا،کوسٹل ہائی وے بند کردی گئی۔

مغربی ہواؤں کے سسٹم نے بلوچستان میں بھی خاصی پریشان کن صورتِحال پیدا کردی ہے۔ بارش اور برف باری کے باعث بعض علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔موسلا دھار بارش کے باعث اضافے پانی کے دبا ئوسے گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں زیر تعمیر بسول ڈیم کا بند ٹوٹ گیا،بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بارش اور برف باری ہوئی ہے۔

زیارت، کان مہترزئی، کوژک ٹاپ، قلعہ سیف اللہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں شدید برف باری سے ہر طرف سفیدی چھاگئی۔کوئٹہ، جھل مگسی، لورالائی اور دوسرے بہت سے علاقوں میں بارش جاری ہے۔

بارش اور برف باری کے نتیجے میں بہت سے علاقوں میں سردی مزید شدت اختیار کرگئی۔ کچی اور دور افتادہ آبادیوں میں رہنے والوں کے لیے مشکلات بڑھ گئیں۔زیرِ تعمیر بسول ڈیم کا بند ٹوٹنے سے کافی مقدار میں پانی کا اخراج ہو رہا ہے۔ سیلابی ریلا کوسٹل ہائی وے سے گزرا۔

پولیس نے ٹریفک کو اورماڑہ کے مقام پر روک دیا۔پانی اورماڑہ پل کے اوپر سے بھی گزر رہا ہے۔ مکران کوسٹل ہاے وے کو دونوں طرف سے بند کردیا گیا ۔ دونوں طرف مسافر پھنس گئے ہیں۔ اورماڑہ پل کی قریبی آبادی کو نقل مکانی کا حکم دیا گیا ہے۔