راولپنڈی (صباح نیوز)ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا اولڈ بلاک نیا بن گیا،70نئے بیڈزشامل ہوگئے،وزیر اعلی محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے بعد ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے اولڈ بلاک کا افتتاح کر دیا ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی میں قائم ہونے والے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اوربے نظیر بھٹو ہسپتال کے اپ گریڈڈ او پی ڈی بلاک بھی افتتاح کیا۔راولپنڈی کے سب سے بڑے ہولی فیملی ہسپتال کی پرانی عمارت برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ہولی فیملی کے افتتاح کے بعد اولڈ بلاک میں گائنی، پیڈز، ایمرجنسی وارڈز اور ایڈمن بلاک کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گائنی آپریشن تھیٹر اور بلڈ بینک کا بھی معائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بیسمنٹ میں بنانے وارڈز کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے پرائیویٹ کمروں میں ٹی وی اور صوفے رکھنے کی ہدایت کی۔ اولڈ بلاک میں بیڈز کی تعداد 332 سے بڑھا کر 400 کر دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا سب سے بڑا ہسپتال ہے، اسے مکمل بند کرکے ریکارڈ مدت میں اولڈ بلاک کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔ ہسپتال تک آسان رسائی دینے کیلئے ہولی فیملی کے سامنے دورویہ سڑک بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج ہولی فیملی ہسپتال کا افتتاح کر دیا ، پچھلے 3ماہ سے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی وجہ سے بند تھا ۔ ہولی فیملی ہسپتال میں اپ گریڈیشن کے بعد تقریباً 1100بیڈز میسر ہیں۔
ہولی فیملی ہسپتال کو برانڈ نیو بنانے کیلئے پونے 4ارب روپے لاگت آئی ہے۔ہولی فیملی ہسپتال بالکل نیا نظر آئے گا،فنشنگ کا کام بالکل آخری مراحل میںہے۔ ہولی فیملی ہسپتال کی بیسمنٹ سے 800ٹرالی کچرا نکالا گیا ، بیسمنٹ کئی سالوں سے بندتھی ۔ ہولی فیملی ہسپتال کی بیسمنٹ میں گندا پانی ،کچرا موجود تھا۔ ہولی فیملی ہسپتال 6لاکھ 18ہزار سکوائر فٹ کا ہسپتال ہے، پورے کا پورا ہسپتال برانڈ نیو ہوچکا ہے۔ ہولی فیملی ہسپتال کے نئے ونگ کی آئندہ 10،15دنو ںمیں تزئین وآرائش ہورہی ہے۔ ہولی فیملی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات ضرور ہوئی ہے، لیکن ہسپتال نیا بن گیاہے۔ ہولی فیملی ہسپتال میں نیا سامان اور آلات مہیا کئے گئے ہیں۔محکمہ تعمیرات و مواصلات ، صحت اور کمشنر راولپنڈی نے دن رات محنت کی ہے۔ ہولی فیملی ہسپتال کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے تمام ٹیمو ںنے بھرپور کردار ادا کیا، سب شاباش کے مستحق ہیں۔ دن رات محنت کرنے والی ٹیمز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ آج راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو ہسپتال کا افتتاح کررہے ہیں۔
بے نظیر بھٹو ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور تزئین وآرائش مکمل ہوچکی ہے۔ راولپنڈی میں نیا پی کے ایل آئی بنا رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہاکہ رنگ روڈ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، 39کلو میٹر طویل پراجیکٹ ہے۔ایف ڈبلیو اودن رات رنگ روڈ راولپنڈی پر کام کررہی ہے ،انشاء اللہ اگست سے اکتوبر کے درمیان پراجیکٹ مکمل ہوجائے گا۔راولپنڈی مال روڈ کو سگنل فری کررہے ہیں۔ عمار چوک کو ری ڈیزائن کیا گیاہے ،آج اس کا بھی افتتاح کیاجائے گا۔ راولپنڈی ڈویژن میں الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے آج رات اجلاس طلب کیاہے۔ صحافی برادری کے پلاٹس کی قرعہ اندازی کیلئے اشتہار جاری ہوچکا ہے ،جو کوالیفائی کرے گا ،اسے مل جائے گا۔ 9مئی واقعات میں مطلوب اشتہاریوں کے علاوہ کہیں کوئی چھاپے نہیں مارے جارہے ہیں۔ اگر کسی کی الیکشن کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو الیکشن کمشنر پنجاب کو جمع کرا ئے ، ہم فالو اپ کر کے ازالہ کریں گے۔پراجیکٹ کا اعلان کرنا اہم نہیں ہے بلکہ ان پر عملدرآمد کرنا اہم ہے۔ ہم نے جو بھی روڈ تعمیر کی ہے ، اگر وہ ٹوٹی ہے تو بتائیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کردیا۔وزیر اعلی محسن نقوی کی موجودگی میں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی اورراولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کو باضابطہ طورپر پاکستان کڈنی اینڈ لیو ر ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے حوالے کیا گیا ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ آر آئی یو پی میں پی کے ایل آئی راولپنڈی کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے۔ پی کے ایل آئی راولپنڈی کے قیام سے شمالی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کے پی کے کو فائدہ ہو گا۔ لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ کے جدید آپریشن تھیٹر قائم کئے جائیں گے۔ پی کے ایل آئی راولپنڈی میں نئی بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اعلیٰ تربیت یافتہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور جدید مشنری بھی مہیا کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی راولپنڈی میں ابتدائی طور پر آر آئی یو کی ڈائیلسز اور او پی ڈی کی سہولیات موجود ہونگی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بینظیر بھٹو ہسپتال کی اپ گریڈڈ او پی ڈی بلاک کا افتتاح کر دیا ۔بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کی او پی ڈی کی ریکارڈ مدت میں اپ گریڈیشن مکمل ہوئی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بعدازاں او پی ڈی کا دورہ کیا اوراپ گریڈڈ او پی ڈی میں سہولتوں کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ بی بی ایچ کی او پی ڈی میں روزانہ تین ہزار مریضوں آتے ہیں جن کو صحت عامہ کی بہتر سہولیات میسر ہونگی۔ او پی ڈی کی ری ویمپنگ 180 ملین روپے کی لاگت سے اڑھائی ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوئی ہے۔بی بی ایچ میں قائم راولپنڈی ڈویژن کی واحدسائیکالوجی وارڈ کی ری ویمپنگ بھی جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ کو منصوبہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، عامر میر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے