کوئٹہ،پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر، کیچ میں امیدوار ظہوربلیدی کے گھر پر دستی بم حملے، 5 افراد زخمی


 کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ضلع کیچ میں بھی نامعلوم افرادنے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے گھر پردستی بم سے حملہ کردیا ۔کوئٹہ پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ، حملے کے وقت پیپلز پارٹی کے حلقہ پی بی 45 کے نامزد امیدوار و سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک بھی دفتر موجود تھے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے گاؤں بلیدہ میں پیپلزپارٹی امیدوارمیرظہوربلیدی کے گھر پر نامعلوم افرادکی جانب سے 2 دستی بم پھینکے گئے۔دستی بم گھر کے صحن میں زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے شہر سبی میں جناح روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔