جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کر رہی ہے-ثمینہ سعید

ڈیرہ مراد جمالی(صبا ح نیوز)ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے عوامی خواہشات پر مبنی ایسا منشور پیش کیا ،جس میں ملکی مسائل اور عوامی پریشانیوں کا حل موجود ہے- جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور قرآن کے دستور کی پاسداری چاہتی ہے اور اس کے لیے جمہوری انداز میں جدوجہد کر رہی ہے ،

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے ڈیرہ مراد جمالی صوبہ بلوچستان میں  ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے اس کا درست استعمال  وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان میں شفاف انتخابات اور جمہوریت کا استحکام امن و خوشحالی کی ضمانت ہے۔کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت مسائل کا حقیقی حل ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں خدمت خلق کی علامت ہے اور حکومت میں آنے کے بعد خدمت اور دیانتداری ہمارا امتیازی وصف ہوگا-عورت کی تعلیم ،صحت ،بلاسود تعلیمی و کاروباری قرضے اور وراثت میں حصہ جماعت اسلامی کے منشور کے اہم نکات ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ عورت کا سیاسی عمل میں منصفانہ اور ایماندارانہ حصہ لینا پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ووٹ ایک گواہی ہے ۔ووٹ کا صحیح استعمال ہر باشعور فرد کے لیے فرض کی حیثیت رکھتا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی نظام کا معیار بہت خراب ہے ۔ لوگ تعلیم دینا بھی چاہتے ہیں مگر وسائل میسر نہیں ،سکول اور سرمایہ میسر نہیں ۔اس وقت خوش حالی اور امن آپ  کے دروازے پر دستک دے رہا ہے ۔ترازو اور امانت دار لوگوں کی صورت میں آپ کے پاس انتخاب کا بہترین موقع میسر ہے  علاقے کی خواتین کے لیے یہ لازم ہے کہ اس الیکشن کو  وطن عزیز سنوارنے کا سنہری موقع تصور کرتے ہوئے ووٹ کے ذریعے تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں