الخدمت فاؤنڈیشن رواں سال بلوچستان کے تعلیم سے محروم بچوں کے لیے 50نئے سکول قائم کرے گی۔

 لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن اور جائیکا  کے تحت  الخدمت ایجوکیشن پروگرام کے ریجنل منیجرز، کوآرڈینیٹرز اور اسسٹنٹ منیجرز  کے لیے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد مالی وسائل دستیاب نہ ہونے کے سبب سکول نہ جا سکنے   والے بچوں کے لیے تیار کردہ نصاب نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے بارے میں آگاہی  دینا تھا۔ٹریننگ  ورکشاپ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری،نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ایجوکیشن پروگرام ڈاکٹر احمد جبران بلوچ، جائیکاپاکستان کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر عابد گل اور  ٹرینرزمحمد یونس اور سجاد حیدر نے  شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل  سیدوقاص جعفری نے  تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کااہم اوربنیادی جزو ہوتا ہے اور تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے حالیہ رپورٹ میں تعلیم سے محروم دو کروڑ 62 لاکھ بچوں  کے اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے ڈونرز کی مدد سے  تعلیم سے محروم اِن بچوں  کو الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کا حصہ بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  الخدمت پہلے سے ہی ملک بھر میں  تعلیم سے محروم  بچوں کے لیے مختصر دورانیہ تعلیم کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز قائم  کر رکھے ہیں۔ جہاں بچوں کو کتب، سکول بیگز اور پاں میں پہننے کے لیے جوتے فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ ان بچوں کے لیے سردیوں میں گرم جیکٹس اور کمبل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سال بھر دوپہر میں ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن  رواں سال   غزالی ایجوکیشن  فاؤنڈیشن  کے ساتھ مل کر بلوچستان کے تعلیم سے محروم بچوں کے لیے   50نئے سکول قائم کرے گی۔ جبکہ ملک کے تمام صوبوں میں تعلیمی سہولیات سے محروم بچوں کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کی تعداد آئندہ ایک سال میں دوگنی کر دی جائے گی۔اِس موقع پرعابد گل نے بتایا کہ یہ  نصاب تمام صوبوں کے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے اپنے صوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے ۔