کوئٹہ(صباح نیوز)امریکاکی جانب سے بلوچستان کے ثقافتی ورثے کی حفاظت کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے۔منصوبے کاآغازامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اورنگران وزیر اعلی بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کیا،منصوبے میں کوئٹہ میں قائم مہرگڑھ میوزیم کی بہتری بھی شامل ہے۔منصوبے کی افتتاحی تقریب میں کراچی میں مقرر امریکی قونصل جنرل کانریڈ ٹربل، بلوچستان حکومت کے محکمہ ثقافت کے اعلی حکام، سیز کے شریک بانی ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری اور ڈاکٹر عاصمہ ابراہیم نے شرکت کی۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ 33منصوبوں پر80لاکھ ڈالرسے زائدفنڈز خرچ کیے گئے ہیں،نواردات پیرس کے میوسی گیمے میوزیم میں بھِی نمائش کیلئے رکھے ہیں،امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے آغاز سے یہ کوشش اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ امریکا بلوچستان کے ثقافتی ورثے کو اہمیت دیتا ہے اور اسکی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کیجانب سے پاکستان بھر میں ثقافتی ورثہ سے متعلق 33 منصوبوں کے لیے امریکا نے 80 لاکھ ڈالرز سے زائد فنڈز خرچ کیے ہیں۔ مذکورہ منصوبوں میں صوبہ سندھ کے ورن دیومندر، فریئرہال،نسروانجی بلڈنگ اوریونیسکوورلڈ ہیریٹیج کے مقام مکلی کے تاریخی قبرستان میں واقع سلطان ابراہیم اورامیرسلطان محمد کے مقبروں کی بحالی شامل ہے۔تقریب میں مہرگڑھ کی تاریخ اور مہر گڑھ میوزیم آف بلوچستان پر روشنی ڈالی گئی۔مہر گڑھ میوزیم آف بلوچستان کا قیام ستمبر 2022 کوعمل میں آیا، جو خطے کی ابتدائی تاریخ کے متعلق آگاہی دیتا ہے۔
مہر گڑھ کے نوادرات کو عالمی سطح پربھی پزیرآئی ملی ہے جو کہ نیو یارک میں میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ اور پیرس کے میوسی گیمے میوزیم میں نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔نیویارک کے میوزم میں رکھے گئے نواردات دنیا بھر میں پاکستان کے آثار قدیمہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔منصوبے کے تحت امریکی گرانٹ سے ملنے والی مالی اعانت سے میوزیم کی تزئین و آرائش کی بہتری اور بلوچستان ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی کے عملے کی تربیت اور انکی آبادی تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔اے ایف سی پی کا یہ منصوبہ حکومت بلوچستان کے محکمہ ثقافت اور سندھ ایکسپلوریشن اینڈایڈونچرسوسائٹی کے اشتراک سے نافذ العمل ہوا ہے، جبکہ یہ منصوبہ خطے کے ثقافتی منظرنامے کو محفوظ رکھنے کی کاوشوں میں معاونت فراہم کرے گا۔اس تاریخی منصوبے کیلیے امریکا نے تین لاکھ بیس ہزار ڈالرز سے زائد رقم مختص کی ہے، جس کے ذریعے مہر گڑھ تہذیب کے نیئولیتھک دور کے آثار اور دیگر تاریخی نوادرات کی حفاظت کے علاوہ کوئٹہ میں قائم مہرگڑھ میوزیم آف بلوچستان کی انتظام کاری کو مزید بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔۔