اسلام آباد(صباح نیوز)بلوچ یکجہتی کمیٹی نے جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف اسلام آباد میں جاری اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دھرنے کی قیادت کرنے والی ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ یہاں سے جو نفرت کا پیغام دیا گیا، وہ پیغام ہم بلوچستان لے کر جائیں گے، ہم یہاں سے نفرت کا پیغام لے کر جا رہے ہیں، ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کچھ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب اسلام آباد کا کل کا نوٹیفکیشن پوری صحافت پر داغ ہے، اسلام آباد میں جو کچھ ہمارے ساتھ ہوا، وہ پورے بلوچستان کو بتائیں گے۔ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں،
بلوچستان کی جانب روانہ ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ریاست کے خلاف نہیں، ریاست ہمارے خلاف ہے، ہم تو اپنے مسائل کے حل کے لیے ریاست سے مطالبہ کر رہے ہیں، بلوچ یکجہتی کمیٹی نے 61 دن تک پرامن احتجاج کیا۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما نے کہا کہ افسوس ہے کہ الیکشن مہم چل رہی ہے لیکن کسی جماعت کی جانب سے لاپتا افراد سے متعلق کی کوئی بات نہیں کی جا رہی،ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ آج ہم اپنی تحریک کے چوتھے مرحلے کے اختتام کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دھرنے کے خاتمے کے ساتھ ہی ہم اپنی تحریک کے پانچویں مرحلے کا اعلان کرتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ہم سوشل میڈیا اور دیگر چینلز کے ذریعے اپنی تحریک کی آواز کو مزید اجاگر کریں گے۔ماہ رنگ بلوچ نے آئندہ مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ 27 جنوری کو کوئٹہ میں جلسہ منعقد کیا جائے گا۔۔