خیبر(صباح نیوز) طور خم سرحدی گزر گاہ دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کیلئے10 روز کے بعدسفری دستاویزات کی شرط کیساتھ کھول دی گئی۔ دس روز کی بندش کے بعد افغانستان سے پہلی کارگو گاڑی پاکستان میں داخل ہوگئی۔
کسٹم حکام نے بتایا کہ افغان ڈرائیورز کو سفری دستاویزات بنانے کیلئے 31 مارچ تک مہلت دی گئی ہے، یکم اپریل سے بغیر سفری دستاویزات کے کارگو گاڑیوں کا پاکستان میں داخلہ ممنوع ہوگا۔
کسٹم حکام نے بتایا کہ کارگو گاڑیوں کے لئے سفری دستاویزات کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا تھا، جس پر 13 جنوری کو عمل درآمد شروع ہوا تو افغان حکام نے تجارت کے لئے سرحد بند کردی تھی۔
کسٹم حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ افغان ٹرانسپورٹرز اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے ایک وفد نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستانی تجارتی حکام سے ملاقات کے بعد کیا۔
امارات اسلامیہ افغانستان اور چیمبر آف کامرس کا وفد پاکستانی سفارت خانے کے عملے سے تجارت پر پڑنے والے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے ویزا کی شرائط میں نرمی کے لئے بات چیت میں مصروف ہے۔