ماہ رنگ مسنگ پرسن کے نام پر ڈرامہ کر رہی ہیں، جان اچکزئی


 کوئٹہ(صباح نیوز) نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ماہ رنگ مسنگ پرسن کے نام پر ڈرامہ کر رہی ہیں، اسلام آباد دھرنے میں ماسک پہنے لوگ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد بھی ہو سکتے ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ ماہ رنگ لاپتہ افراد کے مسئلے پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ان دنوں کئی محاذوں پر کامیابیاں ملی ہیں۔ جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اسلام آباد میں تخریب کاری کے لیے بیٹھے ہیں، یہ ٹولہ کالعدم تنظیم کی ڈھال بن رہا ہے، کسی بھی دہشت گردی کے واقعے کو روکنا ناممکن ہو جاتا ہے، یہاں بھی ہر وقت کوئی واقعہ ہو سکتا ہے۔ نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ جن لوگوں کو انہوں نے مسنگ پرسنز بنایا ہوا تھا وہ دہشت گرد ایران میں مارے گئے، اسلام آباد دھرنے میں ماسک پہنے لوگ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد بھی ہو سکتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پر الزام لگانے کے لیے دشمن ایجنسیاں دھرنے کے کیمپ کو نشانہ بنا سکتی ہیں، یہ عدالتی معاملہ نہیں، اسلام آباد میں جاری کیمپ سے انتظامی طور پر نمٹا جائے، پاکستان میں جیش العدل جیسی تنظیم کا کوئی وجود نہیں۔