پرویز خٹک مجھے کس حیثیت میں شوکاز نوٹس جاری کریں گے،نو رعالم خان


اسلام آباد(صباح نیوز) پارٹی رہنماؤں پر تنقید کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی پارٹی میں حیثیت پر سوال اٹھادیا۔

شوکاز نوٹس اجرا کے معاملے پر نور عالم خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پرویز خٹک مجھے کس حیثیت میں شوکاز نوٹس جاری کریں گے؟نو رعالم خان نے کہا کہ پرویز خٹک پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں، میں نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے میں نے کہاں پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، مہنگائی اور بیروزگاری پر بات کرنا خلاف ورزی ہے، تو میں نے کی ہے اور کرتا رہوں گا

نور عالم خان نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بیروز گاری کی بات کرنے پر تو مجھے ایک نہیں سو بار شوکاز جاری کیے جائیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔پی ٹی آئی ایم این اے نے یہ بھی کہا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں، عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا میری ذمہ داری ہے، میں یہ ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا۔