اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کا اجرا کر دیا گیاہے، حکومت پاکستان نے پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے ہیں۔اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسٹارٹ اپ فنڈ کے ذریعے ہر سٹارٹ اپ کو 30 فی صد معاونت فراہم کی جائے گی جب کہ وینچر کیپیٹلسٹ 70 فی صد سرمایہ کاری کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹارٹ اپ فنڈ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وزارت آئی ٹی اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 4 برس میں پاکستانی اسٹارٹ اپس میں تقریبا 800 ملین ڈالرز بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، ملک میں 8 نیشنل انکیوبیشن سینٹرز اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کر رہے ہیں،
اس وقت چار ہزار سے زائد اسٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں۔نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ کی بہتری کے لیے منفرد اقدامات جاری ہیں۔تقریب میں ملکی و غیر ملکی وینچر کیپیٹلسٹ، سفارتکاروں اور معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شرکت کی۔۔۔