جماعت اسلامی ملک کو سیاسی و آئینی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، حمیرا طارق

 مالاکنڈ (صبا ح نیوز)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہاہے کہ ہمارے ووٹ سے ایوانوں تک پہنچنے والوں کے غلط فیصلوں کی ذمہ داری بھی ہم پر عائد ہوتی ہے۔ ملک کی دو فیصد اشرافیہ ساری دولت لوٹتی ہے اور غریب مزید غریب تر ہو جاتا ہے۔الیکشن کے دن خواتین کو گھروں سے نکال کر پولنگ بوتھ تک پہنچانا، ان سے ووٹ ڈلوانا اور پورے دن کھڑا  رہنا ایک جہد مسلسل ہے ۔جماعت کے کارکن کو پورے جذبے کے ساتھ اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد میں حصہ ڈالنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق نے گیارہ روزہ دورہ خیبرپختونخوا کے نویں روز بٹ خیلہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس روشن مستقبل کا نقشہ ہے۔ہم نے سب سے پہلے عوامی منشور پیش کر کے یہ ثابت کیا کہ جماعت اسلامی ہی ملک کو سیاسی و آئینی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہمارے منشور میں خواتین کے تمام بنیادی اور شرعی حقوق موجود ہیں۔ اقتدار میں آ کر خواتین کو تمام حقوق دلوائیں گے۔ڈاکٹر حمیرا  طارق نے کہا کہ اب پاکستان میں اسلامی نظام کا قیام ناگزیر ہے۔

جماعت اسلامی کےکارکن کی حیثیت سے ہماری پہلی کوشش ہونی چاہیے کہ خدمت کے ذریعے عوام الناس تک اسلام کا صحیح پیغام اور فکر منتقل کریں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر حمیرا طارق نے تنظیم اور شعبہ جات کی ذمہ داران کے ساتھ الیکشن مہم کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی او3ر امیر ضلع سوات و مالاکنڈ کے ساتھ نشست میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،ناظمہ صوبہ خیبر پختونخوا بلقیس مراد سابق ایم این اے عائشہ سید سابق ایم پی اے حمیرا بشیر  صوبائی  رہنما شاہ گل  بھی موجود تھیں