کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان میں بارش اور برفباری کا دوسرا اسپیل شروع ہونے کے باعث صوبے کے شمال مغربی علاقے اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے اور موسم سرد ترین ہو گیا۔
کوئٹہ میں بارش جبکہ وادی زیارت اور گرد و نواح میں برفباری جاری ہے۔ برف باری کے بعد زیارت میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔ زیارت میں سرد موسم میں گیس پریشر نہ ہونے سے مکینوں اور سیر کے لیے آنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر کیسکو کے مطابق کوئٹہ میں بارش کے نتیجے میں 20 سے زائد فیڈرز کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق وادی زیارت کے علاوہ کواس، زندرہ، خرواری بابا، کان مہتر ز ئی، کنجوغی، توبہ کاکڑی میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ چمن شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش جاری ہے۔ چمن کے علاوہ قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، موسی خیل، پشین، ژوب، بارکھان، سبی، بولان، لورالائی، نوشکی، قلات، جنگل پیر علیزئی، گلستان، مسلم باغ، سرانان، بوستان، توبہ اچکزئی، چاغی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔