جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی گیارہویں برسی 6جنوری کو منائی جائے گی

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد مرحوم کی گیارہویں برسی 6جنوری کو منائی جائے گی ۔ قاضی حسین مرحوم کی برسی کے موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ان کی جماعت اسلامی اور ملک و قوم کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔

قاضی حسین احمد1938ء میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز1970ء میں رکن جماعت اسلامی سے کیا۔ وہ چار مرتبہ امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوئے۔قاضی حسین احمد 1985ء اور 1992ء میں دو مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے۔2002ء کے انتخابات میں قاضی حسین احمد دو حلقوں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

انہوں نے ملک کی تمام دینی جماعتوں کو متحد کرکے ایک پلیٹ فارم ”متحدہ مجلس عمل” میں اکٹھا کر دیا تھا۔قاضی حسین احمد ایک بلند پایہ سیاستدان اور ممتاز عالم دین تھے انہیں اپنی مادری زبان پشتو کے علاوہ عربی،فارسی،اردو،انگریزی اور دیگر زبانوں پر بھی عبور حاصل تھا۔ وہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے بہت بڑے مداح تھے اور اپنی تقاریر میں ان کے شعر اکثر شامل کرتے تھے۔قاضی حسین احمد نے ملکی سیاست میں بھی بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ ان کی جماعت کا یہ نعرہ ظالموڈرو قاضی آرہا ہے بھی ملک میں بہت مقبول ہوا ۔قاضی حسین احمد کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ان کے بیٹے آصف لقمان قاضی جماعت اسلامی کے مرکزی ڈائیریکٹر جنرل شعبہ بین القوامی امور ہیں اور ان کی ایک بیٹی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی بھی قومی اسمبلی کی رکن رہی ہیں۔قاضی حسین احمد6جنوری2013ء کواسلام آباد میں دل کے عارضہ کے سبب انتقال کر گئے تھے۔