کوئٹہ(صباح نیوز) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ جبکہ بھارت میں غیر محفوظ ہیں،رواں سال حجاج کرام کے حوالے سے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کر لئے گئے ہیں، حکومت اس سال ان کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی کیمپ کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کیا ۔نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں حج پیکج ایک لاکھ روپے کم ہوا ہے۔ اس سے قبل 11 لاکھ 75 ہزار روپے پیکج تھا اور رواں سال 10 لاکھ 75 ہزارکا ہو گیا ہے۔ خواتین حجاج کو مفت عبایہ بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا پہلے افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ استعمال کر کے عمرہ اور حج کے لئے جاتے تھے ۔یہی وجہ ہے بلوچستان سے بہت کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ حاجی کیمپ آنے کا مقصدیہاں کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ کوئٹہ میں انتظامات تسلی بخش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے۔ بھارت میں ان کی جان مال تک محفوظ نہیں ۔بھارتی ریاست منی پور پور 150مسیحی برادری کے لوگوں کوقتل کیا گیا۔ اس معاملے کو دبانے کے لیے جڑانوالہ واقعہ کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے مذموم کوشش کی گئی۔ حکومت نے بھرپور کوشش ہے مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔اس واقعے کے بعد تمام ملزمان گرفتار کیا گیا جن کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مذہبی آ ہنگی سے متعلق سمینار خوش آ ئند ہے ۔ اس سلسلہ میں علمائے کرام کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔