بنگلہ دیش نے گارمنٹس کی برآمد میں چین کو پیچھے چھوڑ دیا

ڈھاکہ (صباح نیوز)بنگلہ دیش پہلی بار یورپی یونین کو نٹ ویئر (گارمنٹس) برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا۔میٹس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نے جنوری سے ستمبر 2023 کے دوران یورپی یونین کو نٹ ویئر کی برآمدات میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے لیے بنگلہ دیش کی نٹ ویئر کی درآمدات ڈالر کی قیمت اور وزن کے لحاظ سے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہیں۔

اس کامیابی کا سہرا بلاک کی ایوریتھنگ بٹ آرمز (ای بی اے) اسکیم کے تحت دستیاب ڈیوٹی سہولت کے سر سجایا گیا ہے۔رپورٹ میں بنگلہ دیشی اخبار ڈیلی اسٹار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ نو ماہ کے عرصے میں یورپی یونین نے بنگلہ دیش سے 9 ارب ڈالر کے نٹ ویئر درآمد کیے، جو چین سے ہونے والی 8.96 ارب ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔بنگلہ دیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے صدر فاروق حسن نے بتایا کہ وزن کے لحاظ سے بنگلہ دیش نے یورپی یونین کے ممالک کو چین کے 442 ملین کلوگرام کے مقابلے میں 571 ملین کلوگرام نٹ ویئر برآمد کیا۔

انہوں نے کہا کہ نٹ ویئر میں یورپی یونین کے ممالک میں بنگلہ دیش کی شاندار کارکردگی کی ایک وجہ ہائی ویلیو ایڈڈ اشیا، خاص طور پر ایکٹو ویئر میں حالیہ سرمایہ کاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری صنعت غیر کپاس پر مبنی ایتھلیزر اشیا کے شعبے میں اہم تبدیلی لانے کے قابل ہو جائے گی۔۔۔