اسرائیل کے حوالے سے نگران وزیر اعظم کا موقف انتہائی افسوسناک ہے: حافظ حسین احمد

کوئٹہ(صباح نیوز) جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے نگران وزیر اعظم کا موقف انتہائی افسوسناک ہے،اب نگرانوں کی نگرانی کی ضرورت درپیش ہے، وزیر داخلہ کا استعفی جے یو آئی کے موقف اور خدشات کو درست ثابت کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسرائیل کے حوالے سے بانی پاکستان کے طے شدہ موقف کے حوالے سے جو بات کی اور مثال دی ہے انتہائی افسوسناک ہے، بدقسمتی سے نگرانوں کی نگرانی کی ضرورت درپیش ہے۔ نگران وزیر اعظم اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فارمولہ دینے کے بجائے صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور لیول پلینگ فیلڈ فراہم کرنے کی طرف توجہ دیں۔

انہوں نے نگران وزیر داخلہ کے استعفی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی نے جو ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دیا ہے کاش وہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر رہنماوں کو ملنے والے تھریٹ کی بنیاد پر استعفی دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا اب تو حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ نگران بھی ادھر ادھر ہورہے ہیں، نگران وزیر داخلہ کے استعفی سے جے یو آئی کا موقف اور خدشات درست ثابت ہورہے ہیں۔ ایک سوال کہ کیاسرفراز بگٹی اب الیکشن لڑ سکتے ہیں پر حافظ حسین احمد نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو الیکشن لڑوا نہیں سکے وہ لڑ کیسے سکتے ہیں دوسروں کو لڑواتے لڑواتے وہ خود میدان چھوڑ کرچلے گئے۔