تربت (صباح نیوز)سابق نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی وہ ڈیرہ بگٹی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔خیال رہے کہ سرفراز بگٹی نے گزشتہ ہفتے نگران وفاقی وزارت سے استعفی دے دیا تھا۔ذرائع کے مطابق سابق نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ تربت کی سرزمین پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے، اعزاز کی بات ہے کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہا ہوں، آصف زرداری کی قیادت میں خطے میں امن قائم ہوگا، پیپلزپارٹی نے 18 ویں ترمیم سے بلوچوں کو حقوق دیے، تربت سے قوم پرستی کی سیاست کے خاتمے کا آغاز کررہے ہیں، ہمارا مقصد پاکستان کو محفوظ،پر امن، خوشحال بنانا ہے۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے بلوچستان میں بھی حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اور قوم پرستی کی سیاست نے ہمیں کچھ نہیں دیا، تربت سے قوم پرستی کی سیاست کو شکست دینے کا آغاز کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سرفراز بگٹی نے تربت جلسے میں پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا اور وہ ڈیرہ بگٹی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔اس سے قبل خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سرفراز بگٹی نے نواز لیگ میں شمولیت کے لیے استعفی دیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے تربت میں سیاسی سرپرائز کا دعوی کیا گیا تھا اور آصف علی زردار تربت میں سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کا اعلان بھی کرسکتے ہیں جبکہ بلوچستان کے دیگر اہم سیاسی و قبائلی شخصیات سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔۔