نیویارک اپارٹمنٹس کیس’آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت دی،تفصیلی فیصلہ جاری


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج محمد بشیر نے نیویارک اپارٹمنٹس کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صد آصف علی زرداری کی ضمانت منظوری کے حوالہ سے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت دی۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ نیب ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کرسکتا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلہ12صفحات پر مشتمل ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف اثاثہ جات کی شکایات2018-19میں آئیں ، اس کے بعد جعلی بینک اکاؤنٹس کے حوالہ سے جے آئی ٹی رپورٹ آئی اور آصف زرداری گرفتار ہوئے تاہم نیب نے ان سے تفتیش نہیں کی اوراس کیس میں بعد میں انکوائری شروع کی،لہذااب آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر مستقل ضمانت منظور کی جاتی ہے تاہم کیس ابھی انکوائری کے مرحلہ میںہے اور نیب کے پاس ابھی اتنے شواہد نہیں کہ وہ وارنٹ گرفتاری جاری کرے لہذایسی صورت حال میں اگر نیب کے پاس ناقابل تردید شواہد آتے ہیں اورگرفتاری کرنا مقصود ہوتی ہے تو نیب آصف زرداری کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کرسکتا ہے۔

عدالت نے آصف زرداری کو نیو یارک پراپرٹیز کے حوالہ سے کیس میں مستقل بنیادوں پر ضمانت دے دی ہے اور قراردیا ہے کہ طبی بنیادوں پر آصف زرداری ضمانت کے مستحق ہیں۔ عدالت نے نیب کو آصف زرداری کی گرفتاری سے روک دیا ہے ۔