اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید1 شہری چل بسا


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید1 شہری جان کی بازی ہار گیا ،گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید98 شہری متاثر ہوئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ضعیم ضیا کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی مچھر نے مزید 1 شہری کی جان لے لی، شہر میں ڈینگی سے ہونے والی اموات کی تعداد 15 ہوگئی۔ ڈی ایچ او کے مطابق ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں میں دیہی علاقوں کے 9 جبکہ شہری علاقوں کے 6افراد شامل ہیں۔

ڈی ایچ او کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید 98 شہری متاثر ہوئے، جس کے بعد شہر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3835 ہوگئی، ڈی ایچ او کے مطابق رواں سیزن کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 655 کیسز ہولی، فیملی ہسپتال راولپنڈی میں لائے گئے، بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں164، ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی میں44، پمز میں 382، پولی کلینک  میں 113 ، فیڈرل جنرل اسپتال میں456، سی ڈی اے ہسپتال میں ڈینگی کے69 لائے گئے۔

ڈی ایچ او کے مطابق جڑواں شہروں کے نجی ہسپتالوں و لیبارٹریز میں بھی اسلام آباد کے 1700 سے زائد مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ۔ڈی ایچ او نے کہا کہ اسلام آبادکے کل کیسز میں سے2218 کیسز دیہی علاقوں جبکہ1617 کیسز شہری علاقوں کے ہیں۔