اے این ایف کی کارروائیاں، 1416 کلو منشیات برآمد،12ملزمان گرفتار


راولپنڈی(صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف 12 مختلف کارروائیوں کے دوران 1416کلو منشیات برآمد کر کے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد میں بس میں سوار 3ملزمان سے 500گرام چرس اور 3کلو افیون برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا ہے کہ آر سی ڈی روڈ پر کوئٹہ سے کراچی کی بس میں 3ملزمان سے 18کلو چرس برآمد کی گئی۔

رنگ روڈ پشاور سے گاڑی اور رکشہ سے مجموعی طور پر 2ملزمان سے 48کلو چرس برآمد کی گئی۔روات میں گھر سے 3کلو ہیروئن، 1کلو 370گرام آئس اور 7کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔پشین میں یارو چوک کے قریب سے گاڑی سے 950کلو چرس برآمد کر ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جامشورو ٹول پلازہ سکھر کے قریب گاڑی سے 55کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔کراچی میں شیرشاہ کے قریب سے ملزم سے 54کلو چرس برآمد کی ہے۔خیبر کے غیر آباد علاقے میں 2 مختلف کارروائیوں میں 105کلو 500گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔

میٹھا خان میں کوہاٹ کے قریب سے اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 10کلو 800گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔قلعہ عبداللہ کے غیر آباد علاقے سے جھاڑیوں میں چھپائی گئی 160کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔