علم کے ساتھ ہُنر۔۔۔تحریر: زارا قاضی


ملک میں روزبروز مہنگائی بڑھ رہی ہے، روزگار کے مواقع اور ذرائع کم ہیں اور بےروزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ نوجوان طبقہ جب ڈگری لے کر یونیورسٹی سے نکلتا ہے اس کے لیے اپنے شعبے سے متعلقہ جاب ملنا آسان نہیں ہے۔ اچھی جاب کے حوالے سے دیکھے خواب مکمل نہ ہونے پر نوجوان ڈپریشن میں جا رہے ہیں۔کوشش یہ ہونی چائیے کہ دوران تعلیم ہی مختلف کورسسز کر کے چھوٹی موٹی جابز شروع کر دی جائیں، فری لانسنگ کی طرف جایا جائے یا پھر اسکلز سیکھی جائیں۔ کیونکہ اب صرف ڈگری حاصل کرتے ہی جاب حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔وقت کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے نوجوانوں کو پہلے سے تیاری کرنا ہو گی۔ گوگل اور انٹرنیٹ کا دور ہے ہر وہ معلومات جو پہلے آپ تک پہنچنا مشکل تھی اب ایک کلک کی دوری پر ہے۔ اپنی ڈگری کے ساتھ اپنی من پسند اسکل یا فری لانسنگ شروع کریں تاکہ بےروزگاری کی مایوسی نہ دیکھنا پڑے۔
جڑواں شہروں میں رہنے والے اس حوالے سے خوش قسمت ہیں کہ ان کے پاس بہت سے بہترین ادارے ایسے ہیں جہاں وہ اپنی اسکلز کو پالش کر سکتے ہیں، مناسب فیس میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں جیسے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی(نیوٹیک) پبلک سیکٹر یونیورسٹی ہے۔ یہاں انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ مختلف کورسز اور ڈپلوماز کروائے جاتے ہیں۔جن میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کمپیوٹر گرافکس ڈیزائنگ، ہاسپٹلٹی آپریشنز اینڈ مینجمنٹ ، موبائل اپلیکیشن ڈویلپمنٹ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسسز شامل ہیں۔ عام طور پر ان کورسسز کی فیس طالب علموں کے لیے افورڈ کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن نیوٹیک میں یہ کورسسز بہت مناسب فیس میں کروائے ہیں۔ نیوٹیک میں کروایا جانے والا ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ ایک بہترین کورس ہے جس کا دورانیہ نو ماہ ہے۔ یہ کورس فن لینڈ کے ساتھ مشترکہ منصوبہ ہے۔ کورس مکمل ہونے کے بعد طالب علموں کو فن لینڈ اور نیوٹیک دونوں کی جانب سے مشترکہ سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے ۔ اس کورس میں نوجوانوں کو ریسیپشن آپریشنز، فوڈ اینڈ بیورجیز اور ہاوس کیپنگ کے حوالے سے آگاہی دی جاتی ہے۔ اس کورس کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کورس کے بعد بیرون ملک روزگار ملنے کے امکانات بھی روشن ہو جاتے ہیں۔
ڈی اے ای سافٹ وئیر ٹیکنالوجی تین سال کا ٹیکنیکل پروگرام ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں چائنہ کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے اور طالب علم دو سال نیوٹیک میں جبکہ آخری سال مکمل اسکالرشپ کے ساتھ چائنہ میں گزار کر اپنا کورس مکمل کرتے ہیں۔
اسی طرح ٹیکنکل انٹرن ٹریننگ پروگرام بھی نوجوانوں کے لیے ایک بہترین پروگرام ہے۔ بنیادی طور پر 2019 میں سرکاری طور پر یہ قدم اٹھایا گیا جس میں جاپان کے ساتھ ایک معاہدہ سائن ہوا کہ پاکستان جاپان کو اسکلرڈ ووکر فراہم کرے گا، نیوٹیک میں نوجوانوں کو اسکل سکھائی جاتی ہے اور جاپانی زبان بھی اور ساتھ ساتھ جاپان کی ثقافت کے حوالے سے بھی جانکاری دی جاتی ہے۔ جس کے بعد 18 سال سے 40 سال تک کے لوگ 5 سال کے جاپان میں روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔
اسی طرح نیوٹیک میں خواتین کے لیے سلائی کڑھائی اور فیشن ڈیزائنگ سیکھنے کا بھی بہترین موقع ہے۔ بہت سی خواتین سلائی اور فیشن ڈیزائنگ سیکھنے کے بعد گھر بیٹھے بہترین روزگار حاصل کر رہی ہیں۔
آگے بڑھنے کے مواقع خود ڈھونڈیں اور اپنے مستقبل محفوظ کریں