آئی ٹی کی صنعت کی ترقی،نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے آئی ٹی کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں ہواوے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ہواوے کے نائب صدر مڈل ایسٹ ریجن وانگ شان لی اور آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہم نے ملک میں ٹیکنالوجی کا فرق دور کرنا ہے، پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ اور امیزون کے کے ذریعے گھر سے ہی کاروبار کیا جاسکتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان ایک خاموش انقلاب سے گذر رہا ہے، خواہش ہے کہ نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف جارہاہے، لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کررہے ہیں تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہوسکے۔ صدر مملکت نے تقریب میں شرکت کو باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے ہواوے مقابلوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے طلباباصلاحیت ہیں اور ہواوے جیسی بڑی کمپنیاں ان کی صلاحیت کو سامنے لانے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہیں ۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 2030 تک دنیا کو آئی ٹی کے ایک کروڑ سے زائد ماہرین کی ضرورت ہوگی، پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر ہنر مند بنانا چاہئے اور ملک کو آئی ٹی کے شعبہ میں آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کی رفتار بڑھانے کے خواہشمند ہیں، اس مقصد کے لئے یونیورسٹیوں میں ورچوئل طلباکی تعداد بڑھائی جائے گی۔

صدر نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی تعلیم سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر سہیل راجپوت نے تقریب کے انقعاد پر ہواوے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے مڈل ایسٹ ریجن میں کامیابی حاصل کی ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہے جنہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے برسوں میںآئی ٹی کی برآمدات بڑھائیں گے اور صدر مملکت کی رہنمائی میں آئی ٹی کے شعبہ کی صنعت میں اہداف کو حاصل کریں گے۔

تقریب سے ہواوے کے مڈل ایسٹ ریجن کے نائب صدر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ 450یونیورسٹیوں کے15ہزار طلبانے ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ2021 میں شرکت کی جن میں سے پاکستان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیت منوائی۔ صدر مملکت نے تقریب میں پاکستان کی کامیاب ہونے والی ٹیم کو ہواوے کی جانب سے20 ہزار ڈالر کا چیک بھی دیا۔