جو سیاست دان انتخاب سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈے اسے اس دھندے میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ہمارے ہاں مگر دونمبری رویوں کی بھرمار ہے۔ مارچ 1977میں عام انتخاب ہوئے تو ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف پاکستان قومی اتحاد میں جمع ہوئی نو سیاسی جماعتوں نے انہیں بدترین دھاندلی کا مظہر بتایا۔ دھاندلی کے خلاف تحریک چلی جس کی بدولت بھٹو نئے انتخاب کو رضا مند ہوگئے۔ تب اصغر خان اور ولی خان جیسے قدآور سیاستدانوں نے پیپلز پارٹی کی نیت پر سوالات اٹھا دئیے۔ محاورے والی گوٹ پھنس گئی تو جنرل ضیاکا مارشل لاہمارا مقدر ہوا۔
مارشل لا لگاتے ہوئے جنرل ضیا نے قوم سے وعدہ کیا کہ وہ نوے دنوں کے اندر نئے انتخابات کروا دیں گے۔ان کے وعدے سے مگر پاکستان قومی اتحاد میں شامل جماعتوں کی اکثریت گھبرا گئی۔ بھٹو کو دھاندلی کے ذریعے مارچ 77کے انتخاب جیتنے کا طعنہ دینے والے اس خدشے کا اظہار کرنا شروع ہوگئے کہ مارشل لاکی چھتری تلے ہوئے انتخاب بھی بھٹو اور ان کی جماعت کو اکثریت حاصل کرنے سے روک نہیں پائیں گے۔جمہوریت کی بحالی لہذا مائنس بھٹو کے ساتھ نتھی کردی گئی۔جنرل ضیابھی اپنے اقتدار کو طول دینا چاہ رہے تھے۔ ان کے ذہن میں اسلامی نظام کے نفاد کا خاکہ بھی موجود تھا۔ بھٹو کو لہذا پھانسی لگاکر مائنس کردیا گیا اور پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو کالعدم ٹھہرانے کے بعد ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور افغانستان کو جہاد کے ذریعے کمیونسٹ نظام سے آزاد کروانے کی مہم شروع ہوگئی۔ جنرل ضیاکی فضائی حادثے میں رحلت کے بعد 1988میں ہوئے انتخاب مگر طویل وقفے کے باوجود پیپلز پارٹی کو سادہ اکثریت کے حصول سے روک نہیں پائے۔
1977سے 1988تک کے سفر کی یاد مجھے ان دنوں بہت ستارہی ہے۔ وجہ اس کی چند مقبول صحافی ہیں جن کے وی لاگ اور کالم بہت شوق سے دیکھے اور پڑھے جاتے ہیں۔لگی لپٹی رکھے بغیر میرے یہ ساتھی خبر دے رہے ہیں کہ مقتدر کہلاتی قوتوں کو بتایا جارہا ہے کہ اقتدار سے محروم ہوجانے کے بعد عمران خان کی مقبولیت آسمان کو چھورہی ہے۔ 9مئی کے واقعات اور ان کی وجہ سے تحریک انصاف کے سرکردہ رہ نماوں کی پکڑ دھکڑ اور روپوشیاں بھی کپتان کی مقبولیت کمزور نہیں کر پائی ہیں۔تحریک انصاف کا مخالف ووٹ مختلف جماعتوں میں منقسم ہے۔آئندہ انتخاب میں تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار کے خلاف ون-آن- ون انداز میں مقابلے کو تیارنہیں۔پنجاب میں نون لیگ تحریک انصاف کو تھلے لگاسکتی تھی۔اپریل 2022سے اگست 2023تک قائم رہی شہباز حکومت نے مگر پاکستان کو دیوالیہ سے بچانے کے نام پر جو پالیسیاں متعارف کروائیں انہوں نے عام پاکستانی کی زندگی ا جیرن بنادی ہے۔مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ووٹروں کی اکثریت بے چینی سے منتظر ہے کہ نون لیگ کے نامزد کردہ امیدوار کے خلاف ووٹ ڈال کر اپنا غصہ اتارے۔قصہ مختصر سوشل میڈیا پر چھائے ماحول کو بنیاد بناتے ہوئے دعوی یہ ہورہا ہے کہ 8فروری 2024کو انتخاب ہوئے تو جیل میں ہوتے ہوئے بھی عمران خان اپنے نامزد کردہ امیدواروں کو قومی ہی نہیں بلکہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں میں بھی بھاری بھر کم اکثریت دلوانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
انتخابی حرکیات کا دیرینہ طالب علم ہوتے ہوئے میں ذاتی طورپر مذکورہ دعوے سے متفق نہیں۔ ہوا انتخابی نتائج کی سمت کا تعین کرنے میں یقینا اہم کردار ادا کرتی ہے اور ان دنوں ہوا عمران خان کی حمایت میں چل رہی ہے۔ہمارے ہاں مگر صدارتی نظام لاگو نہیں جہاں صدر عوام کے براہ راست ووٹوں سے منتخب ہوتا ہے۔ پاکستان میں سب سے بااختیار ہونے کی تہمت (اور میں یہ لفظ طنزا استعمال نہیں کررہا) وزیر اعظم کے منصب پر لگائی جاتی ہے اور اگر کوئی سیاستدان وزیر اعظم منتخب ہونا چاہتا ہے تو اسے قومی اسمبلی کے انتخاب کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اپنے لئے قومی اسمبلی کا کوئی حلقہ چننے کے علاوہ وہ دیگر حلقوں سے بھی اپنی جماعت کے امیدوار کھڑے کرتا ہے۔ایک طویل عمل کی بدولت قومی اسمبلی تشکیل پاجاتی ہے تو اس کے کم از کم 172اراکین کی حمایت ہی وزیراعظم منتخب کرتی ہے۔
9مئی 2023سے قبل تحریک انصاف مجھے آئندہ انتخاب میں بآسانی سادہ اکثریت حاصل کرتی نظر آرہی تھی۔ اس دن کے بعد مگر اس کے نام نہاد الیکٹ ایبل کی گرفتاریاں اور روپوشیاں شروع ہوگئیں۔ بعدازاں غائب ہوئے یا کئے افراد کے اعترافی بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ غائب ہونے کے بعد نمودار ہونے والے کئی افراد تحریک انصاف چھوڑ کر دوسری جماعتوں خاص طورپر جہانگیر ترین کی بنائی استحکام پاکستان پارٹی میں بھی شامل ہوچکے ہیں۔عوامی جذبات سے قطع نظر تحریک انصاف بتدریج ایسے افراد سے محروم ہورہی ہے جو عام انتخاب لڑنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔کئی سادہ دل لوگ تاہم مجھ خبطی کو یہ سمجھاتے ہیں کہ نوجوانوں کی بے پناہ اکثریت تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دینے کو بے چین ہے۔سمارٹ فون گھر گھر پہنچ چکے ہیں۔ان پر بنائے واٹس ایپ گروپ تحریک انصاف کے متحرک کارکنوں کو ہماری انتخابی تاریخ میں پہلی بار حیران کن نتائج دکھانے کے قابل بناچکے ہیں۔
واٹس ایپ گروپ کے حوالے سے جو منظر مجھے دکھانے کی کوشش ہوتی ہے میں اسے جھٹلانے کی حماقت میں مبتلا نہیں ہوتا۔ اس سوال کا جواب مگر 29نومبر2023کی صبح یہ کالم لکھتے ہوئے بھی حاصل نہیں کرپایا ہوں کہ اسلام آباد جہاں میں ان دنوں مقیم ہوں وہاں قومی اسمبلی کے جو تین حلقے ہیں ان پر تحریک انصاف کے امیدوار کون ہیں۔اسد عمر جس حلقے سے دوبار کامیاب ہوئے تھے وہاں سے اس بار کون امیدوار ہوگا۔ اس حلقے پر توجہ دیتے ہوئے کریدنا شروع کیا تو تحریک انصاف کے متوالوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے وفادار وکیل شعیب شاہین مذکورہ حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ خبر مگر یہ بھی اڑی کہ ڈاکٹربابر اعوان بھی اس حلقے سے قسمت آزمانا چاہ رہے ہیں۔
شعیب شاہین ٹی وی پروگراموں میں تحریک انصاف کی متحرک اور بھرپور نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ وہ مگر انتخابی میدان کے تجربہ کار کھلاڑی نہیں۔ہوا ان کی حمایت میں چل بھی رہی ہو تو تحریک انصاف کے ایک اور دبنگ ترجمان اورو کیل شیر خان مروت ان کی عمران خان سے قربت کو تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے مشکوک بناچکے ہیں۔
عمران خان سے جیل میں منگل کے روز چھ کے قریب وکلانے ملاقات کی تھی۔مذکورہ ملاقات کے بعد مروت صاحب نے اعلان کردیا کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران عمران خان چیئرمین کے امیدوار نہیں ہوں گے۔ وہ مبینہ طورپر یہ سمجھتے ہیں کہ عدالت نے انہیں توشہ خانہ کیس میں انتخابی عمل کے لئے نااہل ٹھہرادیا ہے۔جب تک ان کی نااہلی کی بابت عدالتوں سے حتمی فیصلہ نہیں آتا عمران خان تحریک انصاف کا چیئرمین منتخب ہوکر اس کیلئے مشکلات کا سبب نہیں ہونا چاہ رہے۔ مروت صاحب کے دعوی کی لیکن ان کے ہمراہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کیلئے گئے وکلانے فی الفور تردید جاری کرنا شروع کردی۔
غورکیجئے جہاں یہ بات بلاخوف تردید لوگوں کے سامنے نہیں آرہی کہ عمران خان بذاتِ خود تحریک انصاف کے چیئرمین کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کو تیار ہیں یا نہیں وہاں عوام کو کیسے یقین دلایا جائے گا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ہزار سے زیادہ حلقوں میں کون سا امیدوار عمران خان نے اپنی نمائندگی کے لئے چنا ہے۔ہوا ایسے ماحول میں تحریک انصاف کی مدد نہیں کر پائے گی۔
بشکریہ روزنامہ نوائے وقت