جماعت اسلامی کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت رکھتی ہے-ڈاکٹرحمیرا طارق

ملتان(صباح نیوز)جماعت اسلامی جمہوری روایات کی امین، کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت رکھتی ہے،جس نے خدمت اور سیاست کے میدان میں قوم کے اعتماد کبھی مجروح نہیں کیا ۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے جنوبی پنجاب کی  تربیت گاہ برائے ارکان سے خطاب کے دوران کیا -انہوں نے کہا کہ اقامت دین کی جدوجہد کا راستہ اخروی فلاح اور جنت کی منزل کا راستہ یے -ارکان جماعت اسلامی کو اپنا کردار کتاب اللہ کے احکامات اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ڈھالنا ہے -دریں اثنا عدل، امن، فلاح اور خوشحالی کو اسلامی ریاست کے ستون قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دستور الہی کو تھامنے والوں نے محض 23 برسوں میں اسلامی ریاست مدینہ کی منزل حاصل کر لی-

ڈاکٹر حمیرا طارق نے مذید کہا کہ جماعت اسلامی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں کی جماعت ہے-  یہ ایوان کے اندر اور  باہر اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے- جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل اور معاشرے کو مایوسی سے امید کی طرف لانے کو ترجیح اول میں رکھتے ہیں -جماعت  اسلامی حقوق نسواں کا مکمل چارٹر رکھتی اور اسے ہر فورم پر پیش کرتی ہے-

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس تعلیم ، انصاف اور خدمت کے میدان میں  ماہر و تجربہ کار افراد کی ٹیم موجود ہے-جن سے دعوتی میدان سے  قومی ایوانوں تک فائدہ اٹھائیں گے ۔تربیت گاہ کے اختتام پر شرکا نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کی۔ امت مسلمہ اور اقوام عالم سے مسئلہ فلسطین کے ایک ریاستی حل پر سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا