لکسمبرگ بین الاقوامی بازار میں پاکستانی سٹالز توجہ کا محور،پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے کمیونٹی کی فعال شرکت کی تحسین

لکسمبرگ(صباح نیوز)بیلجئیم میں پاکستانی سفارتخانہ نے لکسمبرگ میں جاری بین الاقوامی بازار میں پاکستانی کمیونٹی کی فعال شرکت کو بھرپور سراہا ہے جس میں پاکستانی متنوع سٹالز مقامی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

بیلجئیم میں پاکستانی سفارتخانہ نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ لکسمبرگ بین لاقوامی بازار میں پاکستانی کیمونٹی کی بھر پور شرکت کو سراہتے ہیں۔بازار میں دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے سٹالز قائم کئے گئے جبکہ پاکستانی سٹالزمیں دلکش دستکاری کے نمونے ،رنگا رنگ ملبوسات، دیدہ زیب قالین اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف اقسام کی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئی ہیں اور پاکستانی روایتی کھانوں کا الگ اسٹال بھی لگایا گیا ہے ۔لکسمبرگ بین الاقوامی بازار 24 سے 26 نومبر تک منعقد ہو رہا ہے۔

سفارتخانہ نے اپنے ٹویٹ میں یورپی یونین، لکسمبرگ اور بیلجیئم میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کے پاکستانی سٹالز کے دورے کی تصاویر اور ویڈیو بھی شیئر کی جن میں سفیر آمنہ بلوچ کو بالخصوص پاکستانی سٹالزکا وزٹ کرنے والے غیر ملکیوں کا خیرمقدم اور ان کے ساتھ ہلکی پھلکی گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ بین الاقوامی بازار میں شرکت کرنے والے افراد پاکستانی سٹالز میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔۔