اسلامی نظام کے قیام کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔ مولاناعبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ عوام مسائل کے حل ،دیانت دارحکومت کے قیام اور اسلامی نظام کے قیام کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔امریکی مداخلت،نااہل حکمرانوں ،بدعنوانی ،بھاری سودی قرضوں کی وجہ سے ملک مسائل کے گرداب میں پھنس گیاہے،بلوچستان کی غربت کا خاتمہ دیانت دار قیادت کرسکتی ہے جعلی قیادت مسلط کرنے کی وجہ سے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ وسائل پر عوامی  دسترس ،وسائل کی منصفانہ تقسیم ،عدل وانصاف کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔امریکہ وآئی ایم ایف پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا۔وسائل ومعیشت پر امریکی ایجنٹ و آلہ کارمسلط ہیں جس کی وجہ سے پاکستان قرضوں میں ڈوب گیااور قوم مسائل کے دلدل میں پھنس گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قوم پر مختلف ناموں سے مسلط پارٹیاں وحکمران ہمارے مسائل ،بے روزگاری ،بدامنی ،بدعنوانی اوربھاری سودی قرضوں کے ذمہ دارہیں۔گزشتہ اتحادی حکومت نے بھی عوام پر ناکام حکمرانی کی مسائل میں کمی کے بجائے بدترین اضافہ کرکے خوشی خوشی رخصت ہوئے کوئی عوامی اجتماعی مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ سابقہ نااہل ناحکمرانوں کا تسلسل تھا مگر اب پھر انہی اتحاد کی پارٹیاں ایک دوسرے کامخالفت کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول ڈالنے کی سازش وکوشش کر رہے ہیں یہ سب اقتدارکے حصول اور بار یاں تبدیل کرکے عوام وملت اور پاکستان کو لو ٹ رہے ہیں عوام لٹیروں سے خبردار رہے بلکہ مسائل کے حل کیلئے دیانت دار پارٹی جماعت اسلامی کا ساتھ دیاجائے۔

نگران حکومت کو بھاری سودی قرضوں مہنگائی ،بدعنوانی میں اضافہ کیلئے نہیں بلکہ منصفانہ غیر جانبدارانہ الیکشن  کیلئے قانونی طورپر لائی گئی مگر نگران الیکشن کی تیاری کے بجائے آئی ایم ایف سے بھاری سودی قرضہ لینے ،بجلی گیس قیمتوں ومہنگائی میں اضافہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں جس کی وجہ سے عوامی مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے ۔تیسرے چوتھے بار وزیر اعظم کے خواب دیکھنے والوں نے مقتدقوتوں کے تعاون سے پاکستان کے ہر فردکو مقروض وپریشان اور مسائل کے دلدل میں پھنسا دیا ہے۔ملک سے فرارسزایافتہ مجرم اور باربار مسلط ہونے والوں کو زبردستی قوم پر مسلط کرنے کی ہر کوشش کوقوم ردکرتی ہے۔حکمران اورمقتدرقوتیں خودلوٹ مار کرپشن میں بری طرح ملوث ہیں معاشی بحالی کا مطلب مہنگائی ٹیکسزمیں اضافہ نہیں لوٹی ہوئی دولت برآمد کرنا اور بدعنوان ختم ،سادگی وقناعت اختیار کرنا ہے۔حکمران چمن دھرنے والوں کیساتھ مذاکرات کرکے مسائل افہام وتفہیم اورمذاکرات سے حل کریں