خان یونس کے مغرب میں ایک اجتماعی قبر میں 111 فلسطینی شہدا سپردخاک

غزہ(صباح نیوز)خان یونس کے مغرب میں ایک اجتماعی قبر میں 111  فلسطینی شہدا کو سپردخاک کر دیا گیا ۔غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا کہ 111 شہدا کے جسد خاکی جو غزہ اور شمال کے رہائشی ہیں کو خان یونس کے مغرب میں ایک اجتماعی قبر میں دفن کیا گیا ہے۔وزارت صحت نے کہا کہ قابض فوج نے اس سے قبل الشفا میڈیکل کمپلیکس سے ان شہدا کی لاشیں قبضے میں لے لی تھیں اور ان میں شہیدوں کی تعداد 83 تھی۔ اس کے علاوہ بیت حانون ہسپتال سے لائے گئے شہدا کے ایک گروپ کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

میڈیا ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس شہدا کی میتیں لے کر آئی اور انہیں خان یونس کے مغرب میں ایک اجتماعی قبر میں وزارت اوقاف کی نگرانی میں سپرد خاک کیا گیا۔وزارت صحت نے متعدد بار شہدا کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کیا کیونکہ انہیں ان کے اہل خانہ سے وصول نہیں کیا جا سکا۔اسرائیلی قابض فوج نے مسلسل 47ویں روز بھی غزہ کی پٹی پر خونریز جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں 5 ہزار 840 بچوں، 3 ہزار 920 خواتین سمیت 14 ہزار 128 فلسطینی شہید اور 33 ہزار زخمی ہوئے جب کہ لاپتہ افراد کی تعداد 0 ہزار 86 ہوگئی۔