پاکستان کا بچہ بچہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف سر اپا احتجاج ہے۔ محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ میں چار روزہ جنگ بندی ناکافی ، بچوں ، خواتین ، ریائشی عمارتوں، اسکولوں ، ہسپتالوں اور مساجد کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہیں ۔عالمی برادری اسرائیلی مظالم پرکا نوٹس لے اور فلسطینیوں کو ان کا بنیادی حق دیا جائے۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس کا وجود دنیا کے امن کے لئے تباہی کا باعث ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں اور ممالک کا دوہرا معیار دنیا کے سامنے آچکا ہے ۔ مسلمانوں کا قتل کسی کو نظر نہیں آرہا ۔ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ۔ اگر اسرائیل ، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو نہ روکا گیا تو امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ افسوس کا مقام یہ ہے کہ مسلم ممالک کا کردار بھی اب تک مایوس کن رہا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ ناجائز صہیونی ریاست کی دہشت گردی کی وجہ سے غزہ میں شہدا ء کی تعداد 14ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔جن میں 5840بچے ، 3920خواتین بھی شامل ہیں،جبکہ 33ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ ہے ۔دنیا کے کونے کونے میں اسرائیل مخالف مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔اسرائیل نے اپنی تمام حدود و قیود کو پار کر لیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ عالم اسلام کفار کو ان کی زبان میں جواب دے۔اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے اسلامی ممالک اپنی پالیسیوں کو از سر نو تشکیل دیں۔ کفار کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان محض بیانات سے آگے بڑھ کر اسرائیلی مظالم کے خلاف عملاً اقدامات کرے ۔جماعت اسلامی پورے پاکستان میںغزہ مارچ کر رہی ہے۔ ہم اپنے نہتے بھائیوں کی آواز کو ہر سطح پر بلند کرتے رہیں گے۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ آج اسلام آباد میں ہونے والے بچوں کا غزہ مارچ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف سر اپا احتجاج ہے۔