راجوری میں بھارتی فوج پر حملہ، میجر ، کیپٹن سمیت4 فوجی ہلاک ہوگئے

 جموں(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے میجر ، کیپٹن سمیت4  فوجی  ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ بھارتی فوج نے محا صرے اور تلاشی کی کارروائی میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کی بھاری جمعیت نے ضلع راجوری کے علاقے باجی مال میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔اس دوران ایک حملے میں ایک میجر ، کیپٹن سمیت4فوجی ہلاک اورایلیٹ فورس کے تین اہلکارزخمی ہوگئے۔زخمی فوجیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ علاقے میں فوجی کارروائی جاری ہے۔

بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے کالاکوٹ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ راجوری میں   میجر ، کیپٹن سمیت4  فوجی  ہلاک ہونے کے بعد  اضافی فورسز کو طلب کر لیا گیا ہے علاقے میں مواصلاتی  رابطے منقطع کر دیے گئے ہیں  ادھر سرینگر کے علاقے بمنہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ممتاز احمد لون اور جہانگیر احمد لون نامی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔

پولیس کے اس دعوے کا مقصد کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز فراہم کرنا ہے۔پولیس نے کالے قوانین آرمز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ یو اے پی اے کے تحت گرفتار نوجوانوں پر مقدمہ بھی درج کیا ہے ۔