کرپشن وکمیشن مافیا سندھ کی تعمیروترقی میں رکاوٹ ہے۔ محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے زوردیا ہے کہ سندھ کی نگران حکومت سندھ کو تباہ اورظلم وناانصافیوں پرمبنی سسٹم کا حصہ بن کرکام کرنے کی بجائے اس کوتوڑکرعوام کی محرومیوں کو ختم اورسندھ کو خوشحالی کی طرف گامزن کرے۔سندھ رویونیوبورڈ ،وزارت خزانہ سمیت دیگرمحکموں میں 12سال سے ایک ہی سیٹ برجماں کرپشن وکمیشن مافیا سندھ کی تعمیروترقی میں رکاوٹ اورقومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہا ہے،کراچی سے کشمور شہرکچراکنڈی اورکھنڈربنے ہوئے ہیں۔حکومتی نااہلی وکرپشن کی وجہ سے ڈیڑھ سال گذرجانے کے باوجود سیلاب زدگان دربدراوراپنے گھروں سے محروم ہیں۔

حکومت سندھ ورلڈبنک کے تعاون سے 21لاکھ گھر تعمیرکرکے دینے میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔الخدمت فائونڈیشن کا حکومت میں نہ ہونے کے باوجود بھی ریسکیو،ریلیف کے بعد سیلاب زدگان کی بحالی،ہزاروں گھروں کی تعمیر،روزگار اوربچوں کی کفالت وتعلیم دلانے کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت سندھ ریجنل جنرل کونسل کے اجلاس ے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی صدرڈاکٹرسیدتبسم جعفری اورصوبہ بھر سے ضلعی صدورودیگر ذمے داران شریک تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ انسان ذات کی خدمت عین عبادت اوررضائے الٰہی کے حصول کا بھترین ذریعہ ہے۔