راجوری میں حملہ، میجر سمیت 2 بھارتی فوجی ہلاک

جموں(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فوج نے محا صرے اور تلاشی کی کارروائی میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے جبکہ ایک حملے میں میجر سمیت 2 بھارتی فوجی ہلاک اور3 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کی بھاری جمعیت نے بدھ کے روز ضلع راجوری کے علاقے باجی مال میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔

اس دوران ایک حملے میں ایک میجر سمیت 2فوجی ہلاک اورایلیٹ فورس کے تین اہلکارزخمی ہوگئے۔زخمی فوجیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ علاقے میں فوجی کارروائی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے کالاکوٹ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ ادھر سرینگر کے علاقے بمنہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ممتاز احمد لون اور جہانگیر احمد لون نامی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔

پولیس نے نوجوانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ پولیس کے اس دعوے کا مقصد کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز فراہم کرنا ہے۔پولیس نے کالے قوانین آرمز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ یو اے پی اے کے تحت گرفتار نوجوانوں پر مقدمہ بھی درج کیا ہے ۔