سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی انتخابات میں شکست کے خوف سے کشمیر میں انتخابات کرانے سے فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے ۔ مقبوضہ علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ترقی کا نعرہ کھوکھلا ثابت ہوا ہے اور بی جے پی نے روزگار کے مواقع کی فراہمی اور اسمبلی انتخابات کرانے کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔عمر عبداللہ نے کولگام میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لوگوںکوانتخابات، روزگار اور ترقی کے نام پر دھوکہ دے رہی ہے۔
انہوں نے بی جے پی نے سوائے جھوٹ کے کشمیری عوام کو کچھ نہیں دیا۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا ذکر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بجلی کا بحران اتنا شدید ہے کہ اس سے پہلے نہیں تھا ۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیر یوں کا استحصال کرنے سے باز رہے۔ انہوں نے آرمڈ فورسز ٹریبونل کی طرف سے شوپیاں جعلی مقابلے میں ملوث فوجی کیپٹن کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیری عوام کا خون کتنا سستا ہے۔بی جے پی نے ہمیں دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا، ہمیں الیکشن کے نام پر ہی نہیں بلکہ بے روز گاری کا مسئلہ حل کرنے کے نام پر، ترقی کے نام اور بجلی کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاہمارے وقت میں بھی بجلی کا اتنا برا حال نہیں تھا جتنا آج ہے ، آخر کیا وجہ ہے کہ بجلی کا نظام ٹھیک نہیں کیا جا رہا ہے ۔اسمبلی الیکشن کے انعقاد کے بارے میں پوچھے جانے پرعمر عبداللہ نے کہا: جب الیکشن کے لئے پینتھرس پارٹی نے عدالت عظمی میں عرضی دائر کی تھی تو اس وقت چیف جسٹس نے کہا تھا کہ یہ مسئلہ دفعہ 370 کے ساتھ جڑا ہوا ہے اس کا جواب اسی وقت دیا جائے گا۔عمرعبداللہ نے کہاہم امید کرتے ہیں کہ جب عدالت عظمی سے دفعہ 370 کے متعلق فیصلہ آئے گا تو اس میں الیکشن کا بھی ذکر ہوگا۔