فارن مشنز کے سٹاف کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جا رہی ہے،نگران وزیر خارجہ کا سینیٹ میں جواب

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ فارن مشنز کے سٹاف کو اب بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔

ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے سوال کے جواب میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ جمع کرائے گئے آڈٹ پیرا میں 285 ملین روپے میں 93 ملین وزارت خارجہ سے متعلق تھے جن کی ریکوری کی جا چکی ہے، آڈٹ اعتراضات کا مطلب کرپشن یا غبن نہیں ہوتا، اس میں ملازمین اور افسران کے علاج معالجہ کے حوالے سے کچھ کاغذات جمع نہیں کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افسران سے ہونے والی ریکوری معمولی نوعیت کی ہوتی ہے، ان میں زیادہ تر کیسز افسران اور سٹاف سے متعلق ہوتے ہیں جن میں ٹیلی فون بل اور ٹی ڈی اے شامل ہوتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے فارن مشنز کے سٹاف کی تنخواہیں تاخیر سے ملنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ چند ماہ قبل زرمبادلہ میں کمی کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تھی تاہم اب تنخواہیں بروقت ادا کی جا رہی ہیں۔