غزہ مارچ لاہور نے احتجاج اور وحدتِ امت کی نئی تاریخ رقم کردی ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے غزہ مارچ لاہور کے عظیم الشان انعقاد پر زندہ دِلانِ لاہور، مرد و خواتین، نوجوانوں، طلبہ و طالبات اور بچوں کی عظیم شرکت پر اللہ کا شکر کرتے ہوئے کہا کہ امت کی بیداری کے شاندار اظہار پر جماعتِ اسلامی لاہور کی قیادت اور ٹیم نے محنت کا حق ادا کردیا۔ جاوید قصوری، نصراللہ گورایا، ضیا الدین انصاری، خالد احمد بٹ، شاہد اسلم ملک، عامر نثار، احمد سلمان بلوچ، جبران بٹ اور دیگر کارکنان کو مبارکباد دی۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں، سوشل میڈیا چینلز اور خواتین وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر امریکہ، برطانیہ کی سرپرستی میں اسرائیلی صیہونی ظلم دنیا بھر کی جنگوں کی تاریخ کا انتہائی تباہ کن منظر ہے۔ 20 ہزار فلسطینی مرد و خواتین اور 6 ہزار بچے شہید کردیے گئے،لاکھوں بلڈنگز اپارٹمنٹس، پناہ گزین کیمپ بمباری کا نشانہ بن گئے۔ ہسپتالوں پر بھی ظلم کی قیامت برپا ہے۔ عالمی ادارے، عالمی قیادت اور مسلم حکمران بے حس، جانبدار اور بے حمیتی کا شکار ہیں لیکن پوری دنیا میں مسلم و غیرمسلم عوام نے ایشیا، امریکہ، برطانیہ دیگر یورپی ممالک، مشرقِ بعید اور وسطی ایشیا میں یکجہتی فلسطین کے مظاہروں کا حق ادا کردیا ہے۔ دنیا بھر کے عوام بیدار ہیں، عالمی قیادت کو بھی بیدار ہونا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ غزہ مارچ لاہور نے احتجاج اور وحدتِ امت کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ پوری دنیا بربادی، عالمی جنگ، ایٹمی اسلحہ کے استعمال کی طرف بڑھتی چلی جارہی ہے۔ جوبائیڈن، نیتن یاہو، رشی سونک اور نریندر مودی جنگی مجرم ہیں۔ غزہ پر گِرنے والے ہر بم دھماکہ کی آواز دنیا میں ہر جگہ سنی جارہی ہیے۔ انسانیت دشمن حکمرانوں کی سیاست دنیا میں تباہی لارہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ، اسرائیل کے خلاف دنیا بھر میں نفرت بڑھتی جائے گی اور ظلم و بربریت پر خاموش مسلم حکمرانوں کے خلاف بھی اسلامی ممالک میں بغاوت کے آثار نمایاں ہیں۔ 25 کروڑ پاکستانی نگران حکومت، پالیسی سازوں اور افواجِ پاکستان کے کارپردازوں کی خاموشی پر پریشان ہیں۔ حکمرانوں کی اس مجرمانہ خاموشی کے خلاف بہت بڑے عوامی ردعمل کا لاوا پھٹنے کو تیار ہے۔