جماعت اسلامی سندھ  نے مہنگائی کے خاتمے اورمعیشت کی بحالی کے لیے بجلی اورپٹرول قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کردیا،مجاہدچنا


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ نے مہنگائی کے خاتمے اورمعیشت کی بحالی کے لیے بجلی سستی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ قومی معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار حکمرانوں نے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں،مہنگائی وبدامنی اور کرپشن سے معیشت تباہ اور عوام کا زندہ رہنا بھی مشکل بنادیا ہے، موسم سرما شروع ہوگیا مگر ملک میں بجلی وگیس نہ ہونے کے برابر ہے اس کے باوجودآئی ایم ایف کے اشاروں پر بجلی وگیس کے نرخوںمیں مزید اضافہ کاعندیہ ظلم وناانصافیوں اور مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہدچنا کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک بدترین اقتصادی ،مالی اور سیاسی بحران کا شکار ہے،اداروں کی نااہلی اور مفاد پرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہر آنے والا دن اس میں مزید اضافہ کرتا چلا جارہا ہے۔غریب آدمی دووقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہے،سندھ کے دارالحکومت صرف کراچی میں رواں سال 167اور پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں 100 افراد کا خودکشی کرنے کے واقعات سب کچھ ٹھیک ہے کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس اور گیس وبجلی کی قیمتوں میں تو اضافہ تو کررہی ہے مگر اس کی پیداوار میں اضافہ اور عوام کو خاطر خواہ سہولیات دینے کیلئے تیار نہیں ہے حتیٰ کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے میں بھی ہر حکومت کی طرح یہ حکومت بھی ناکام ہے ،آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے ہر آنے والا دن عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے۔