اسلام آباد(صباح نیوز)مری میں برف باری کے باعث ہلاکتوں کے معاملے پرسپریم کورٹ میں ازخود نوٹس لینے کی درخواست دائر کر دی گئی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں اس حوالے سے شہری عبیدالرحمن عباسی نے درخواست دائر کی ہے جس میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد سے ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مری میں برف باری کے باعث ہلاکتوں کے ذمے داران کا تعین کیا جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کی نشاندہی کر کے حقائق سامنے لائے جائیں، مری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بہتر بنایا جائے۔درخواست میں مری کے ہوٹلوں کے ریٹس منظم کرنے اور سیاحوں کو لوٹنے والی مافیاز کو کٹہرے میں لانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔