اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سالوں میں 39ارب ڈالرز کے قرضے لیے ہیں ، سود اور قرض ادا کر کے غریب قوم پہلے ہی سب کچھ ہار چکی ہے،عالمی مالیاتی اداروں نے ملک کی معیشت کو کنٹرول کر کے اسے اپنے دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تمام تر اقدامات کے باوجود بھی ملک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے،منی بجٹ میں لگائے گئے ٹیکسز غریب عوام کا خون نچوڑ کر حاصل کیے جائیں گے، ملک میں مراعات یافتہ طبقہ کو ساڑھے چار کھرب ٹیکسز کی چھوٹ دی گئی ہے لیکن غر یب کے اشیاء ضروریہ پر چھوٹ نہیں دی جا تی ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی ٹین کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی آپس میں ایک ہیں، لڑائی مفادات کے لیے ہے، ملک میں عوام اور حکمرانوںکی دو الگ الگ دنیائیں آباد ہیں، وسائل اور قدرتی دولت سے مالا مال ملک میں غریب دو وقت کے کھانے کے لیے ترس رہا ہے اور دوفیصد اشرافیہ دولت کے انبار پر بیٹھی ہے،
انھوں نے کہا حکمران جب تک امریکی غلامی سے نجات حاصل نہیں کرتے اور ملکی وسائل کا درست استعما ل کر کے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کرتے، پاکستان اس وقت تک معاشی اور سیاسی طور پر آزاد نہیں ہو سکتا۔، میاں محمد اسلم نے کہاموجودہ حکمرانوں نے سابقہ حکومت کی پالیسیوں کو بڑھاوا دیا۔ملک اربوں ڈالر قرض کی زد میں، ہم 1800ارب ترقیاتی کاموں پر اور سوا تین کھرب عالمی مالیاتی اداروں سے لیے گئے قرض پر سود کی ادائیگی میں صرف کرتے ہیں۔