کورونا وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں،ماہروبائی امراض


واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ میں وبائی امراض کے اعلیٰ ترین ماہر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں، کورونا وائرس کا ویریئنٹ اومیکرون ہر شخص تک پہنچے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے چیف میڈیکل ایڈوائزر اور ماہر وبائی امراض انتھونی فائوچی نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ اومیکرون ویریئنٹ منتقلی کی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ ہر شخص تک پہنچے گا۔

امریکی سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر انتھونی فائوچی نے کہا اس وائرس کو ختم کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے کیونکہ یہ تیزی سے پھیلتا ہے اور اس میں نیا ویرینٹ بننے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک ممکنہ طور پر اومیکرون میں اتار چڑھاؤکے ساتھ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گا تاہم امید ہے آبادی میں اس کے خلاف تحفظ ممکن ہو گا اور ادویات بھی موجود ہوں گی تاکہ اگر کسی پر وائرس کے اثرات آ بھی جائیں اور وہ شدید خطرے سے دوچار ہو تو علاج کرنا بھی آسان ہو۔ماہر وبائی امراض نے کہا کہ شاید اب ہم اس مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں عالمی وبا کے حوالے سے ہم تبدیلی کے دہانے پر خود کو کھڑا پائیں۔