پارلیمان کے جنگلے گرانے والے جمہوری عمل کو روند رہے ہیں، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمان کے جنگلے گرانے والے پارلیمان کے جمہوری عمل کو روند رہے ہیں، منی بجٹ کے پاس ہونے سے عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے بیک وقت عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا ، پارلیمانی عمل بلڈوز کر کے 25بل منظور کرانے پر یہ دن یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا ، عمران خان ججوں کی تقرری کا اختیار اپنے پاس لے کر آئین کی تضحیک کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج طاقتور چوروں کو عوام سے لوٹ مار کرنے کا لائسنس دیں گے اور عمران خان جمہوریت، آئین اور قانون کے قتل کی تاریخ رقم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فسطائیت کا بلڈزور چلا کر عمران خان قوم پر منی بجٹ مسلط کریں گے۔ ساڑھے 3 سال میں ایک قانون سازی بھی اتفاق رائے سے نہ کرا سکے اور آج پاکستان کا برانڈ بھیک، آئی ایم ایف کی غلامی، مہنگائی اور معاشی تباہی ہے۔

انہوں  نے کہا کہ پارلیمان کے جنگلے گرانے والے پارلیمان کے جمہوری عمل کو روند رہے ہیں ، عمران خان قوم کو رلانے کا بندوبست کر رہے ہیں ۔