برطانوی ہائی کمیشن کی سیکنڈ سیکرٹری پولیٹیکل ڈاکٹر کمیلا میکڈونلڈ کی آصف لقمان قاضی اورمولانا عبدالاکبر چترالی سے ملاقات


 اسلام آباد(صباح نیوز)برطانوی ہائی کمیشن کی سیکنڈ سیکرٹری پولیٹیکل ڈاکٹر کمیلا میکڈونلڈ نے آج اسلام آباد میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی اوررکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں افغانستان اور کشمیر کی موجودہ صورت حال اور افغانستان میں انسانی بنیادوں پر رفاہ عامہ کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے افغانستان میں غذائی مواد، ادویات، صحت اور تعلیم کی سہولتوں کی قلب پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر کمیلا میکڈونلڈ نے بتایا کہ برطانوی حکومت اپنے طریق کار کے مطابق انسانی بنیادوں پر افغان عوام کی مدد کرے گی۔ اس موقع پر آصف لقمان قاضی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو موجودہ افغان حکومت کے ساتھ انسانی بنیادوں پر تعاون کرنا چاہیے تاکہ افغان عوام کو بحران سے نکالا جا سکے۔

آصف لقمان قاضی نے کہا کہ افغان قوم کی اپنی اقدار ہیں اور ان اقدار کا بین الاقوامی برادری کو احترم کرنا چاہیے۔ افغانستان میں معاشی حالات معمول پر آئیں گے تو انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے معاملات بھی درست ہو جائیں گے۔کشمیر کی صورت حال پر آصف لقمان قاضی نے کہا کہ بھارتی حکومت کو کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ بھارتی دستور میں تبدیلی سے جموں کشمیر ریاست کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہو جاتی۔ جموں و کشمیر اقوام متحدہ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام نے رائے شماری کے ذریعے کرنا ہے۔ بھارتی حکومت کو اپنی ہٹ دھرمی ختم کر کے مذاکرات کی میز پرآنا چاہیے۔

آصف لقمان قاضی نے کہا کہ بین الاقوامی طاقتیں فلسطین اور کشمیر کے سلسلے میں دوغلی پالیسیاں اختیار کیے ہوئے ہیں۔ بھارت اور اسرائیل کی جانب سے ریاستی دہشت گردی اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بین الاقوامی طاقتیں خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں اور یہ رویہ قابل مذمت ہے۔