ممبئی (صباح نیوز)ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل نے ناقابل یقین بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان سے فتح چھین لی۔میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔آسٹریلیا نے افغانستان کا 292 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 47 ویں اوور میں حاصل کیا۔گلین میکسویل کی 201 رنز کی اننگز کو ون ڈے کرکٹ کی بہترین اننگز کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔91 رنز کے مجموعی اسکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میکسویل نے ٹانگ میں تکلیف کے باوجود تنہا ہی گرانڈ میں چھکے چوکے مارے اور افغان بولرز کا بھرکس نکال دیا۔میکسویل کی 201 رنز کی اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے۔
آسٹریلیا ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم ہے، اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقا پہلے ہی ناک آٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 291 رنزبنائے، ابراہیم زدران 129 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔ابراہیم زدران ورلڈکپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔اس کے علاوہ رحمت شاہ 30 اور حشمت اللہ نے 26 رنزبنائے جبکہ عظمت اللہ 22 ، رحمان اللہ گرباز 21 اور محمدنبی نے 12 رنز اسکور کیے۔ راشدخان 35 رنز بنا کرناٹ آوٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔