کوئٹہ (صبا ح نیوز)پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، ایک لاکھ 98 ہزار 554 افغانستان جاچکے ہیں۔ بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ چمن بارڈر سے اب تک 66 ہزار غیر قانونی افراد افغانستان واپس گئے ہیں۔غیرملکی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری، افغان باشندوں کا محفوظ انخلا اور باعزت واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔روزانہ ہزاروں غیر رجسٹرڈ افغان شہری بذریعہ طور خم اور چمن بارڈر واپس جا رہے ہیں۔گزشتہ روز 9816 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، 632 گاڑیوں میں 1017 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی۔ جس کے بعد 6 نومبر تک کل 198,554 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔
دوسری طرف نگراں صو بائی و زیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ اب تک چمن باڈر سے 66ہزار غیرقانونی تارکین وطن کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا ہے افغان حکام کی جانب سے تارکین وطن کے حوالے سے تنقید بلاجواز ہے ، حکومت نے اس حوالے سے بہترین انتظامات کئے جو کہ عالمی اصولوں کے مطابق ہے۔ کو ئٹہ پر یس کلب میں نگراں صو بائی و زیر صحت امیر محمد جو گیزئی کے ہمراہ پر یس کانفرنس کر تے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ 26ہزار غیرقانونی غیرملکی افراد سندھ سے لائے گئے ان کو بھی یہاں سے بحفاظت روانہ کیا گیا نگراں حکومت کے جانے کے بعد بھی غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کاروائی کا سلسلہ جاری رہے گا ہم نے آنے والے حکومتوں کے لئے ایک روڈ میپ بنا دیا ہے ، بعض سیاسی پارٹیوں کی جانب سے تنقید کو مسترد کر تے ہیں ، جس نے ملک کے آئین کو توڑا ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا ئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مخالفین پاکستان کے بہتر حالات کو دیکھ کر گھبرا گئے ہیں ،پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد معیشت پر بوجھ ہیں، انہیں اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کر نا چاہے ، جانے والے تارکین وطن کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لئے پاک فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سب جانتے ہیں ، آنے والے دنوں میں بلو چستان سے مزید ایک لاکھ سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو ان کے اپنے ملک واپس بھیجا جا ئے گا ،
اس موقع نگراں صو بائی و زیر صحت امیر محمد خان جو گیز ئی نے کہا کہ کانگو وائر کے حوالے سے ایمر جنسی نافذ کی گئی ہے پہلے بھی بلو چستان میںکانگو وائرس کے کیسز سامنے آتے رہے ہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے لو گوں کا زریعہ معاش مال مویشی کے کاروبار سے منسلک ہے مگر کانگو وائرس مکمل طور پر کنٹرول میں ہے حکومت نے ہسپتال میں متاثر ہونے والے عملے کے دس افراد کو علاج کے لئے کراچی منتقل کر د یا ہے جن میں سے دو افراد کی حالت نازک ہے سول ہسپتال کے متاثرہ علا قے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے متاثرہ علا قے اور وارڈز کواسپرے بھی کیا گیا ہے حالات مکمل کنٹرول میں ہیں، و زیر اعلی بلو چستان علی مردان ڈومکی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا رڈ کا اجرا بلوچستان کے عوام کے لئے بہترین تحفہ ہے ، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔۔کراچی سے بھی غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ سلطانہ آباد ہولڈنگ سینٹر میں 30 غیرملکی افراد موجود ہیں۔ غیر رجسٹرڈ افراد میں 6 خواتین، 4 مرد اور 20 بچے شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے 6 روز کے دوران 452 افراد چمن بارڈر بھجوائے گئے ہیں جبکہ گزشتہ روز 142 افراد کو 5 بسوں کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔