پاکستان نے غزہ کے لیے دوسری امدادی کھیپ غزہ روانہ کر دی

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان نے غزہ کے لیے دوسری امدادی کھیپ منگل کو غزہ روانہ کر دی ہے جسے براستہ مصر غزہ پہنچایا جائے گا۔پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے غزہ میں محصور خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ، غیر متناسب اور اندھا دھند استعمال کی مذمت کرتا ہے۔

امداد روانگی کے موقع پر نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے فلسطین کے اسلام آباد میں سفیر احمد رباعی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندہ سے گفتگو میں کہا کہ دوسری کھیپ میں 90 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے جس میں سے  40

ٹن کے قریب راشن کے بیگ کے علاوہ ادویات، حفظان صحت اور بچوں کے لیے خصوصی سامان بھی شامل ہے۔پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی نے کہا کہ یہ پاکستان کی طرف سے ہمارے فلسطینی بہن بھائی، جو کئی برسوں سے ظلم و استبداد کی چکی میں پس رہے ہیں ان کے لیے محبت اور اظہار یکجہتی کے طور پر یہ سامان بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ فلسطین کے عوام کو ان کا حق جلد از جلد میسر ہو اور وہ حق جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا  دارالحکومت القدس الشریف ہو۔