اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ عمران خان کے آس پاس موجود جوکروں کا پارٹی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد درباریوں کے گھیرے میں آگئے ہیں، عمران خان کے پاس بہت سے جوکر موجود ہیں، جوکر پتہ نہیں کہاں کہاں سے اٹھا کر مسلط کئے گئے، ان جوکروں کا پی ٹی آئی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں شروع سے تحریک انصاف کے ساتھ تھا اور اپنی تنخواہ سے پارٹی اخراجات کرتا تھا، میں نے ایک نظریے کے تحت پی ٹی آئی کو جوائن کیا تھا، وہ نظریہ اب نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ مری کا واقعہ ہمیں ہلانے کے لیے کافی ہے۔