الخدمت بنو قابل 2.0کے انٹرویوز سیشن کا کل آخری دن ،حافظ نعیم کا دورہ

کراچی (صباح نیوز) الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز پروگرام ” بنو قابل ”2.0کے Aptitude ٹیسٹ میں کامیاب نوجوانوں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے ۔ہزاروں لڑکوں کے انٹرویوز مکمل ہو گئے ہیں جبکہ انٹرویوز کاکل جمعرات کو آخری دن ہے ۔ لڑکیوں کے لیے انٹرویوز کا آغاز 6نومبر سے ہو گا ۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے ادارہ نورحق میں ہونے والے انٹرویو سیشن کا علیحدہ علیحدہ دورہ کیا ،انٹرویوز کیلئے آنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی ، ان سے منتخب کورس اور اس کے انتخاب سے متعلق دریافت کیا ۔ ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ نوجوانوں نے الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسزاور الخدمت کی اس کاوش کو سراہا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان آگے لے جانے کا خواب پورا ہور ہا ہے۔کراچی کے نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیں، انہیں آئی ٹی کی اسکل دے کر ان کے پاں پر کھڑا کریں ۔ان شااللہ آئی ٹی کے میدان میں کراچی اور یہ ملک ترقی کرے گا اور آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے ۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ 2.0کے ٹیسٹ میں جس جوش اور جذبے سے نوجوانوں نے شرکت کی تھی وہی جوش وجذبہ آج انٹرویوز کے دوران دیکھنے میں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں نوجوان انٹرویوز دے چکے ہیں۔ لڑکیوں کے انٹرویوز کا سیشن ابھی باقی ہے۔ ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی نے کہا کہ انٹرویوز میں نوجوانوں کو رہنما ئی فراہم کی جا رہی ہے اور ایک تعلیم کے لحاظ سے انہیں کورسز منتخب کرنے میں رہنمائی دی جا رہی ہے تاکہ یہ نوجوان اپنی تعلیمی استعدادکے مطابق کورسز کا انتخاب کر سکیں اور کورسز میں انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے کہ یہ نوجوانوں کا ایک انقلابی پروگرام ہے اور 2.0میں بھی ان شااللہ ہزاروں نوجوان 15مفت آئی ٹی کورسز کریں گے ۔ دریں اثنا ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی نے کہا کہ آج بروزجمعرات لڑکوں کے انٹرویوزکا آخری دن ہے ۔لڑکیوں کے انٹرویوز 6 نومبر سے شروع ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ انٹرویو ز میں شرکت کیلئے نوجوان اپنے شیڈول کے مطابق انٹرویوز میں شریک ہوں ۔