آشیانہ ریفرنس ، شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ ،7نومبر کو سنایا جائیگا

لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ ریفرنس میں شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا7نمبر کو سنایا جائے گا ۔بدھ کو احتساب عدالت لاہور کے جج علی ذوالقرنین نے سابق وزیراعظم سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی جہاں تمام ملزمان کے علاوہ نیب وکیل وارث جنجوعہ کے دلائل بھی مکمل ہوگئے۔

گزشتہ سماعت پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل مکمل کئے اور کہا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف نیب کیسز سیاسی انتقام کے لیے بنایا گیا، نیب کے پاس کوئی ریکارڈ یا ثبوت موجود نہیں۔وکیل نیب کا عدالت میں کہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق ملزمان پر جرم ثابت ہونے کا امکان نہیں ہے اور میں انویسٹی گیشن رپورٹ کی فائنڈنگز سے اتفاق کرتا ہوں۔جج علی ذوالقرنین نے شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے 7 نومبر کو سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ عدالت کیس میں 2 مرکزی ملزمان کو بری کر چکی ہے جب کہ شہباز شریف کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔